15.5 C
Islamabad
پیر, فروری 24, 2025
ہومضلعی خبریںچوٹیاریوں ڈیم پر تیسرے مکھی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات جاری

چوٹیاریوں ڈیم پر تیسرے مکھی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات جاری

- Advertisement -

حیدرآباد۔ 23 فروری (اے پی پی):سندھ کے مشہور ثقافتی اور سیاحتی مقام چوٹیاریوں ڈیم پر تیسرے مکھی فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات جاریہیں۔ اس ایونٹ کا انعقاد سندھ کے کلچرل ڈپارٹمنٹ، سپورٹس اینڈ یوتھ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ اور سماجی تحفظ ڈپارٹمنٹ کے باہمی تعاون سے کیا گیا ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ سرفراز راجڑ نے کیا۔ فیسٹیول میں اونٹوں کے رقص، ملاکھڑا، طلباء و طالبات کے تقریری مقابلے، مشاعرہ، سگھڑ کچہری اور کشتی رانی سمیت مختلف رنگا رنگ سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں، جن سے شرکاء بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز راجڑ نے کہا کہ ایسے بیابان علاقوں میں فیسٹیول کا انعقاد سندھ کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مکھی فیسٹیول کا نام اس علاقے کی قدیم تاریخ کی نسبت سے رکھا گیا ہے، جو انگریزوں کے خلاف تحریک کے حوالے سے مشہور ہے۔ چوٹیاریوں ڈیم کا کل رقبہ 45 ہزار ایکڑ پر محیط ہے اور حکومتِ سندھ نے اس علاقے کی سیاحتی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہاں ایک جدید ریسٹ ہاؤس تعمیر کیا ہے، جہاں سیاحوں کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سرفراز راجڑ نے عوام کو دعوت دی کہ وہ اس خوبصورت مقام کی سیر کے لیے ضرور آئیں اور یہاں کے فطری حسن اور تاریخی ورثے سے لطف اندوز ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ڈیم کو کینجھر جھیل کی طرح ایک معروف سیاحتی مقام بنایا جا سکتا ہے، جس کے لیے کلچر ڈپارٹمنٹ کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقامات کی ترقی اور دیکھ بھال ضروری ہے تاکہ یہ اپنی اہمیت برقرار رکھ سکیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر سید ذوالفقار علی شاہ کو علاقے کی مزید ترقی کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو دعوت دی کہ وہ اس علاقے کی خوبصورتی کو دیکھنے کے لیے ضرور تشریف لائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564943

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں