چیئرمین تحریک انصاف عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں تحلیل کریں، وفاقی وزیر احسن اقبال

137
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس دیئے جائیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عام انتخابات کے شفاف طریقے سے انعقاد کے لئے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کریں۔ پیر کو ایک نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد عام انتخابات2023 ء میں کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر کے غیر جمہوری طریقہ اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کر دیں تو قبل از وقت انتخابات ممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ہٹلر کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں کو حریف پارٹی پر الزامات لگانے کی عادت ہے۔

وہ گزشتہ چار سالہ دور اقتدار میں اپنی پارٹی کی طرف سے مکمل ہونے والا کوئی بھی جمہوری کام دکھا دیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف کردار کشی کرنے پر عدالت کے ذریعے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عمران خان کو پہلے ہی فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ مقدمات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے خلاف فیصلہ سنایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اتحادی حکومت آئندہ انتخابات2023 ء میں کرائے گی اور عمران خان کو عام انتخابات کے لئے مزید ایک سال انتظار کرنا چاہیے۔