راولپنڈی۔ 12 مارچ (اے پی پی):چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2025کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عملے کی حاضری اور کلر کٹ لسٹ کے مطابق اُمیدواران کی شناخت کو چیک کیا۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کی بنا پر نقل مافیا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔
آئندہ بھی نقل مافیا کے خلاف سخت حکمتِ عملی اپنائیں گے اور کسی صورت اس کو سر اُٹھانے نہیں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات و حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری شدہ زیروٹارلینس پالیسی کے تحت صاف شفاف امتحان پُر امن ماحول میں جاری ہے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2025کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اُمیدواران کی رولنمبر سلپس، بیٹھنے کا پلان اور روشنی کے انتظامات کو چیک کیا۔
دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا امتحان میٹرک فرسٹ اینول میں تمام امتحانی مراکز کی مؤثر اور جامع نگرانی کروائی جارہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ڈویژن کے تمام اضلاع میں ڈسٹرک ویجیلنس کمیٹی، موبائل انسپکٹر، چیئرمین سکواڈ متحرک ہیں اور ہارڈ گرے سینٹر کی انسپکشن کرکے اپنی رپورٹ بورڈ آفس کو ارسال کرہے ہیں۔ ان رپورٹس کی روشنی میں مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔