چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کی ”اے پی پی“ سے بات چیت

68

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے متوقع دورے کو تاریخی اور بلند ترین غیر ملکی سرمایہ کاری کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 15 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی امید ہے۔ ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کی حکومتوں کے مابین چار معاہدوں پر دستخط ہوں گے، ان میں گوادر کے ساحلی شہر میں آئل ریفائنری کے قیام کے لئے 10 ارب ڈالر، بلوچستان میں متبادل توانائی اور معدنیات کے شعبہ میں ترقی کے منصوبوں کے لئے 4 ارب ڈالر کے معاہدے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے میں موخر ادائیگیوں پر تیل کی درآمد سے متعلق 3 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی متوقع ہے، جس سے کرنٹ اکاﺅنٹ پر دباﺅ کم ہو گا اور ملکی معیشت میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے ساتھ 40 کاروباری و سرمایہ کار گروپس پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانا اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں کے ساتھ علاقائی تجارت کو فروغ دینا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے نجی شعبہ کو بھی ایگرو صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے آگے لایا جائے گا۔