چیئرمین سینیٹ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات،دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

119

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،پاک سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔محمدصادق سنجرانی نے سعودی سفیر کو حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی ارجنٹینا کے خلاف فتح پرمبارکباد دی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ مذہبی اقدار اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں اوردونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس کو باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے روابط جاری رکھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو باہمی مفاد کیلئے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعلیٰ سطحی دوطرفہ تبادلے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائیں گے۔