چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی مذمت

چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہدا کی بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک کی ترقی اور استحکام کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے دھرتی کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کی تمام اشکال اور اقسام کے خاتمہ کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔

دریں اثنا سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے بھی شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے شہید اہلکاروں کی بلندی درجات کے لئے دعا کی اورشہدا کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔