اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شما لی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کی بقا کے لیے سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں بے مثال اورقابل فخر ہیں،پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے بھی میران شاہ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔