چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی کیچ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت

76
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کیچ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے بلند درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کیلئے جانیں قربان کرنےوالے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں، وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کیلئے دھرتی کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے بھی سکیورٹی فورسز پر دہشت گردحملے کی مزمت اور شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔