چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا صحافیوں کے اعزاز میں الوداعی ظہرانے سے خطاب

85

اسلام آباد ۔ 06 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کےلئے جدوجہد جاری رہے گی ، غیر جمہوری رویے اور غیر جمہوری سوچ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ، پارلیمان کو محفوظ اور مضبوط رہنا ہے اور اس کا واحد راستہ جمہوری اور ترقی پسند پاکستان سے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافتی برادری کے اعزاز میں منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں الوداعی ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ میڈیا سے ان کی رفاقت 20سالا پرانی ہے جب وہ پہلی بار پارلیمنٹ ہاﺅس میں سینیٹرکی حیثیت سے منتخب ہوکر آئے اور تب سے یہ سیاسی رشتہ نبھا یا ہے اور آئندہ بھی نبھا ئیں گے۔ ہم سب سیاسی کارکن ہیں اور ایک نظریے ، خیال اور تصور کے لیے جو پاکستان کی بنیاد بنا تھااور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی اگست کی تقریر میں واضح کیا گیا تھا۔ اس نظریے کی بقاءکے لیے ہم سب نے جدوجہد کی اور جاری رکھیں گے