چیئرمین سینیٹ کی حج کے باسعادت موقع پر تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو خصوصی مبارکباد

58

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حج کے باسعادت موقع پر تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بابرکت دن ہر مسلمان عہد کرتاہے کہ ذات باری تعالیٰ کے احکام کی بجا آوری کےلیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہے،قربانی کا جذبہ اس عہد کی بھی تائید ہے جس کا حضرت ابراہیم ؑ نے اعلان کیا تھا۔

ہفتہ کے روز جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کرہ ارض پر ہر مسلمان اپنے فرض منصبی کو پہچانے،ہمیں چاہیے کہ قرآن و سنت کا امن ، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام انسانیت میں عام کریں ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے موقع پر ایسے افراد کا خیال رکھا جائے جو مالی حالات کی تنگی یا کسی اور پریشانی کی وجہ سے قربانی نہیں کرسکے، اس وقت امت مسلمہ کو سب سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے ساتھ ساتھ کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی آزادی اور فتح کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔انہوں نے حج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔