چیئرمین سی ڈی اےکی زیر صدارت اجلاس،اسلام آباد کو جدید اور خوبصورت شہر بنانے کا عزم

41

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس نے مالیاتی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر مالی سال 2024-25 کے اختتام پر ادارے نے شہریوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے تھے۔ سی ڈی اے نے "ون ونڈو فیسلی ٹیشن سینٹر” کو صبح 9 بجے سے رات12 بجے تک مسلسل کھلا رکھا جس کے نتیجے میں شہریوں نے پراپرٹی چارجز، ڈویلپمنٹ چارجز، واٹر چارجز، کمرشل و رہائشی پلاٹس کی باقی اقساط، ٹرانسفر فیسز اور دیگر متعلقہ چارجز کی ادائیگی کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حاصل ہونے والی اس آمدن کو اسلام آباد کے شہریوں کی فلاح و بہبود، شہر کی خوبصورتی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس فنڈ سے شہر میں واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری، سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی اصلاح، پارکس اور گرین ایریاز کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے بھی اس فنڈ کو استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں مالی سال 2025-26 کیلئے اہم ہدایات جاری کی گئیں جن میں شہری سہولیات کی بہتری، گرین اسلام آباد مہم کے تحت ماحول دوست اقدامات، ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ، ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور ڈیجیٹل سروسز کی توسیع شامل ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے زور دیا کہ شہریوں کی بہتر خدمت کیلئے آن لائن سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو تمام سہولیات آسانی سے دستیاب ہوں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے تمام قانونی واجبات بروقت ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی یہ کامیابی ادارے کی بہتر انتظامی صلاحیتوں اور شہریوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک جدید، پائیدار اور خوبصورت شہر بنانے کیلئے انتہائی پر عزم ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔