15.5 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) سجاد غنی کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا...

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) سجاد غنی کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ ، مختلف جاری منصوبوں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

- Advertisement -

لاہور۔24فروری (اے پی پی):چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی نے پیر کے روز مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سپل وے، اپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم کوفر(عارضی)ڈیمز، ڈائی ورشن ٹنلز، پاور ہاوس اور پاور ان ٹیک پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔اس مو قع پرجنرل منیجر / پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ نے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے ہمراہ چیئرمین واپڈا کو مختلف سائٹس پر اہداف اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سپل وے پر کنکریٹ کا کام جاری ہے اور یہ اپنے مقررہ شیڈول سے آگے ہے۔

ڈاؤن سٹریم کوفر (عارضی)ڈیم مقررہ بلندی تک پہنچ چکا ہے جبکہ اپ سٹریم کوفر(عارضی) ڈیم رواں سال اپریل میں اپنی انتہائی سطح یعنی سطح سمندر سے 414 میٹرکی بلندی تک پہنچ جائے گا۔مین ڈیم کی تعمیرکیلئے کھدائی کا کام جاری ہے۔علاوہ ازیں پاور ٹنل، پن سٹاک اور شافٹ ٹنلز پر بھی کھدائی کا عمل جاری ہے جبکہ ایری گیشن ٹنلز کی کھدائی اورچٹانوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بائیں جانب واقع مین کینال پربھی تعمیراتی کام ہو رہا ہے۔پراجیکٹ سائٹس کے دورے کے بعد چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔

- Advertisement -

اجلاس میں چیئرمین کو مین ڈیم کی تکمیل کے لئے درکار میٹریل کی فراہمی،لارج سکیل ایکسل مشین ٹیسٹنگ ،پراجیکٹ کے الیکٹرو مکینیکل ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے مہمند ڈیم کی بر وقت تکمیل کیلئے درکار میٹریل کی فراہمی اور اسے ذخیرہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں مذکورہ اہداف حاصل کرنے کے لئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے پراجیکٹ حکام ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو تاکید کی کہ پراجیکٹ کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل اورتعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مہمند ڈیم صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔یہ ڈیم دنیا کا پانچواں بلند ترین سی ایف آر ڈی (Concrete-face-rock-fill) ڈیم ہے۔ مہمند ڈیم کی تکمیل پر 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہونے سے مہمند اور چارسدہ کے اضلاع کی18 ہزار233 ایکڑ نئی ایراضی زیرکاشت آئے گی جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار موجودہ اراضی کے لئے بھی پانی دستیاب ہوگا۔ منصوبے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت800 میگا واٹ ہے، جس سے سالانہ2 ارب86کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔ مہمند ڈیم کی بدولت پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی مہیا کیا جائے گا۔

یا د رہے کہ گزشتہ سال اگست میں دریائے سوات کا رخ موڑے جانے کے بعد مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ پراجیکٹ کی تکمیل 2026-27 میں متوقع ہے ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565557

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں