لاہور۔2مارچ (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) محسن نقوی سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں ملاقات میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے کرکٹنگ سکلز، پرفارمنس، ڈائٹ پلان، فٹنس اور ٹریننگ کے امور کے بارے تفصیلی بات چیت کی ۔
ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں تربیت ، فنٹس اور ڈائٹ پلان کے حوالے سے ایشوز کے بارے آگاہ کیا۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں اور تمام اکیڈمیز تک ان سٹار کھلاڑیوں کو رسائی دینے کافیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی فٹنس کیلئے خصوصی طور پر ڈائٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فزیکل ٹریننگ کے لیے ٹرینرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے مستقبل کے سٹارز ہیں،آپ کے لئے وسائل کی فراہمی پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی تجاویز کو نوٹ کیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ملاقات کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد علی، علی رضا، احمد دانیال، نثار احمد، محمد ابتسام،محمد سلمان، آفاق آفریدی ، عبدالصمد ،سعد مسعود، خواجہ نافع،معاذ صداقت، عرفات منہاس، مبشر خان، حیدر علی،حسان نواز، فیصل اکرم،طاہر بیگ اور قاسم اکرم شامل تھے۔ایڈوائزر عامر میر، ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔