چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے راولپنڈی فوڈ فیسٹیول کا افتتاح کردیا

50

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایوب پارک میں فوڈ فیسٹیول کا افتتاح کردیا ۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور صدر چوہدری ندیم رئوف ،گروپ لیڈر سہیل الطاف و دیگر عہدےداران نے فیتہ کاٹا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیر مین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی ذائقوں کی ترویج کےلیے راولپنڈی چیمبر کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ رنگ روڈ کے اطراف صنعتی زونز کے قیام کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کے مطالبے کی بھرپور حمایت اور تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

ندیم رئوف صدر چیمبر نے کہاکہ کرونا کے بعد کاروباری پابندیاں ختم ہونے کے بعد راولپنڈی چیمبر نے فوڈ فیسٹول کا انعقاد کیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔انہوں نے بتایاکہ مختلف ذائقوں ڈرائی فروٹس اور علاقائی کھانوں کے چالیس سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں ۔ رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے بھی فوڈ فیسٹول میں شرکت کی۔