چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قوم کو عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

asim munir

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگران حکومت، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت، جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے ، اللہ کرے یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔

ہفتہ کو قوم کے نام اپنے پیغام میں چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں، قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی، انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں، قوم کو انتشار اور تقسیم کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک صحت بخش عمل کی ضرورت ہے ۔

تقسیم کی سیاست اور انتشار 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں، جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔ آرمی چیف نے خواہش کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔