اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے جج صاحبان نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت جسٹس محمد نور مسکانزئی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھرتی کے ایک مخلص فرزند،عظیم محب وطن، دیانتدار،قابل اور مہربان جج اور ایک متقی انسان تھے۔
ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے دیگرججوں نے اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہم سب اپنے پیارے بھائی جسٹس محمد نور مسکانزئی کے دل دہلا دینے والے قتل سے انتہائی غمزدہ ہیں۔ایک مسجد پر دہشت گردانہ حملے کا شکار ہونے کے ناطے مقتول نے شہادت کا درجہ حاصل کیا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین، بلوچستان ہائی کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس اور ججوں، بلوچستان ہائی کورٹ بار کے عہدیداران اور اراکین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ایسوسی ایشن اور بار کونسلز کے ساتھ ساتھ صوبہ بلوچستان کی قانونی برادری کواس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم دھرتی کے ایک مخلص فرزند،عظیم محب وطن، دیانتدار،قابل اور مہربان جج اور ایک متقی انسان تھے۔ان کے انتقال نے ہمارے لیے ناقابل فراموش یادیں چھوڑی ہیں جو ہماری زندگی کا ایک قابل قدر اثاثہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=332814