29.4 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومعلاقائی خبریںچیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ریجنل ڈائریکٹر مشرقی بحیرہ روم...

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ریجنل ڈائریکٹر مشرقی بحیرہ روم ریجن ڈاکٹر حامد جعفری کی ملاقات

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 23 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ریجنل ڈائریکٹر مشرقی بحیرہ روم ریجن ڈاکٹر حامد جعفری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان بالخصوص صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موجودہ اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور حکومت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر نیشنل ای او سی انوار الحق، صوبائی سربراہ ای او سی بلوچستان انعام الحق موجود تھے۔ صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق صوبے کو پولیو فری بنانے کے لیے پرعزم ہے اور صوبے سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ہزاروں ٹیمیں تشکیل دے کر اہداف حاصل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انتظامیہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنا رہی ہے اور بچوں کو پولیو کا شکار ہونے سے بچایا جائے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کردار بہت اہم ہے اور پولیو کے خاتمے کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈیوٹی پر حاضر کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں عارضی بنیادوں پر ڈاکٹرز بھرتی کیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی مقصد ہے جس کے لیے بلوچستان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس مہلک مرض کے خاتمے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں اور انسداد پولیو مہم کو مکمل مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر حامد جعفری نے کہا کہ وہ بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ اس موقع پر ای پی آئی پروگرام کو بھی بہتر کرنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586756

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں