پشاور۔ 17 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی دوسری کانفرنس بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوئی جس میں عوامی خدمت، کارکردگی پر مبنی گورننس اور شہریوں سے مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز حکومت اور ریاست کا چہرہ ہیں، ان کی اہمیت، مؤثریت اور عوامی تاثر کا براہ راست تعلق ان کی فیلڈ میں کارکردگی سے ہے، جو ان کے کیریئر کی ترقی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”آپ کی کارکردگی خود بولنی چاہیے "۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کردار سے ایسی مثال قائم کریں جو یادگار بن جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے جرگوں، کھلی کچہریوں اور فیلڈ وزٹس جیسے اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مؤثر عوامی رابطے کو اچھی گورننس کی بنیاد قرار دیا۔چیف سیکرٹری نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ”اختیار عوام کا” پورٹل اور ”99 نکاتی عوامی ایجنڈا” کو عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری کا ذریعہ قرار دیا۔اجلاس میں مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
بعض اضلاع میں نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ متعدد پہلوؤں پر بہتری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع کے حوالے سے منفرد سوچ کے حامل مقامی نوعیت کی تجاویز بھی پیش کیں۔ریونیو کے ایک سال سے زائد عرصے کے زیر التواء کیسز پر چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام زیر التواء کیسز کو 70 دنوں میں نمٹایا جائے اور بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
تعلیمی معیار کی بہتری کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے اطراف سخت مانیٹرنگ کی جائے تاکہ قریبی مارکیٹوں سے نقل میں معاونت کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اقدامات کو عوامی سطح پر سراہا گیا ہے اور انہیں مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا ہوگا تاکہ میرٹ کی بالادستی قائم رہے۔صفائی و ستھرائی کی اہمیت کے پیش نظر اجلاس میں پیر 21اپریل سے ہفتہ بھر پر مشتمل صفائی مہم کے آغاز کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583236