پشاور۔ 11 اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کی کارکردگی، فنڈنگ اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری قانون، وزیراعلیٰ کے ایم ٹی آئیز پر فوکل پرسن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ایم ٹی آئیز کی انتظامی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنانا تھا۔اجلاس میں ایم ٹی آئیز کے لئے واضح کارکردگی کے پیمانے مقرر کرنے، تھرڈ پارٹی آڈٹ اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی صحت کی خدمات کو بہتر بنایا جائے، فنڈز کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں صحت کارڈ سروسز، آئی سی یو بیڈز کی دستیابی، ایمرجنسی سروسز اور ایم ٹی آئیز کو درپیش بجٹ مسائل سمیت صحت کے نظام کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سرکاری و نجی سپتالوں میں ہیلتھ کیئر کمیشن کے نگرانی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
چیف سیکرٹری نے ہیلتھ سیکٹر ریفارم یونٹ کو مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے ماہرین طب سے مشاورت کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایم ٹی آئیز کا خصوصی آڈٹ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے کرایا جائے گا تاکہ شفافیت اور احتساب کو فروغ دیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد اداروں کی خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے صوبے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے.
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580806