فیصل آباد ۔ 02 مئی (اے پی پی):فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایگروبیسڈ مائیکروانڈسٹری کیلئے کم ترین شرح سوداور آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زرعی اجناس پیداکرکے غذائی خود کفالت کے اہداف کے حصول سمیت اضافی غذائی اجناس بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکے۔
چیمبر آف کامرس کے نائب صد رشاہد ممتازنے کہاکہ بینکوں کو کاٹیج انڈسٹری اور دیہی صنعت کے فروغ کیلئے بھی قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ غربت کے خاتمہ سمیت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیداہوسکیں۔
انہوں نے کہاکہ ایگرو بیسڈ مائیکرو انڈسٹری اور سمال انڈسٹری کے علاوہ زرعی ڈھانچہ کی بہتری کیلئے بینکوں اور مائیکروفنانس کے اداروں کو کم سے کم شرح سود پر قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہو سکیں اور زرعی شعبہ و دیہی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں ترقی بھی ممکن بنائی جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591123