میونخ۔9اپریل (اے پی پی):انٹرمیلان فٹ بال ٹیم کے گول سکورر لاؤٹارو مارٹینز نے کہا کہ ان کی ٹیم نے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں بائرن میونخ کے خلاف ایک کے مقابلے میں 2 گول سے جیت کے بعد "دکھایا کہ ہم کس چیز سے بنے ہیں”۔ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں انٹرمیلان کی جانب سے لاؤٹارو مارٹینز اور ڈیوڈ فریٹیسی نے ایک ، ایک گول کر کے اپنی ٹیم انٹر میلان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بائرن میونخ کی طرف سے واحد گول تھامس مولر نے میچ کے 85 ویں منٹ پر سکور کیا تھا۔لائوٹارو مارٹینیز نے پہلے ہاف کے آخر میں 38 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم انٹر میلان کو برتری دلائی جو میچ کے پہلے ہاف تک برقرار رہی۔
بائرن میونخ کے تجربہ کار کھلاڑی تھامس مولر نے 85 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا لیکن انٹر میلان کی ٹیم نے صرف تین منٹ بعد ہی ایک مرتبہ پھربرتری حاصل کرلی جب ڈیوڈ فریٹیسی نے 88ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-2کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ سکائی جرمنی کے ساتھ گفتگو میں فٹ بال ورلڈ کپ کے فاتح ارجنٹائن ٹیم کے کھلاڑی لاؤٹارو مارٹینز نے کہا کہ ان کی ٹیم اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھرپورکارکردگی تھی، میں واقعی بہت خوش ہوں کیونکہ ایک بار پھر ایک مشکل میدان پر لڑکوں نے دکھایا کہ وہ کس چیز سے بنے ہیں۔ یہ فتح چیمپئنز لیگ میں انٹر میلان کی مسلسل پانچویں فتح تھی، جو 2010 میں جیتنے کے بعد سے لگاتار اتنے میچز جیتنے کے بعد پہلی بار ہے۔
اس موقع پر انٹر کوچ سیمون انزاگھی نے کہا کہ ان کی ٹیم کی جیت کی خواہش نتیجہ سے زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ میچز میں بھی ان کی ٹیم فتحیاب رہے گی۔یہ ایک بہت بڑی کارکردگی ہے اور اس فتح سے ہمیں بہت خوشی ملی ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں آئندہ میچزمیں اس سے بڑھ کر کھیلنا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579884