راولپنڈی۔21دسمبر (اے پی پی):چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں یو ایم ٹی مارخورز نے لیک سٹی پینتھرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ، مارخورز نے 156 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، محمد عمران نے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ، فخر زمان نے 49 رنز بنائے جبکہ عبدالصمد نے 9 گیندوں پر 34 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 5 فلک شگاف چھکے شامل تھے ، مارخورز کی ایونٹ میں یہ چھٹی کامیابی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے انیسویں میچ میں یو ایم ٹی مارخورز کے کپتان افتخار احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، لیک سٹی پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے ، عمر صدیق 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ،
عبدالواحد بنگلزئی 24 ، حیدر علی 18 ، عرفات منہاس 34 ، رضوان محمود 4 اور مبصر خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، مارخورز کی طرف سے محمد عمران جونیئر نے تین جبکہ نثار احمد ، محمد نواز اور سعد مسعود نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں یو ایم ٹی مارخورز نے مطلوبہ ہدف 13.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، محمد عمران نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 34 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے ،
فخر زمان نے 49 رنز بنائے جبکہ عبدالصمد نے آخر میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 34 رنز بنائے ، افتخار احمد اور محمد فیضان صفر پر آؤٹ ہوئے ، محمد ابتسام نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔