چینی صدر شی جن پنگ کی انڈونیشیا کے اپنے ہم منصب جوکو ویدودو سے ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار

152

بیجنگ۔17اکتوبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات ’’بیلٹ اینڈ روڈ فورم‘‘ کے موقع پر ہوئی، انڈونیشئین صدر بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت
کے لئے چین کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ملاقات میں شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ انڈونیشیا وہ پہلا مقام ہے جہاں انہوں نے 21ویں صدی کے میری ٹائم سلک روڈ کی تعمیر کی تجویز پیش کی

،گزشتہ 10 سال کے دوران "بیلٹ اینڈ روڈ” کی مشترکہ تعمیر میں چین اور انڈونیشیا کا تعاون خطے میں سب سے آگے رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو بے حدفائدہ پہنچا ہے اور یہ "بیلٹ اینڈ روڈ” کے تحت تعاون کا اہم نمونہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ "بیلٹ اینڈ روڈ” کی مشترکہ تعمیر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون ترقی پذیر ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور خودانحصاری کو ظاہر کرتا ہے،

چین انڈونیشیا کے ساتھ باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے، چین-انڈونیشیا ہم نصیب معاشرے کی مشترکہ تعمیر کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کی طویل مدتی اور مستحکم ترقی کی قیادت کرے گا ، دونوں ممالک کی ترقی اور احیاء کے لیے مزید قوت فراہم کرے گا اور پائیدار بین الاقوامی اور علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تحریک فراہم کرے گا۔