بیجنگ ۔11اپریل (اے پی پی):چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے بتایا ہے کہ صدر مملکت شی جن پنگ، ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری تولام اور ویت نام کے صدرلوونگ کوونگ کی دعوت پر، 14 سے 15 اپریل تک ویت نام کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اسی طرح، ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم سلطان اسکندر اور کمبوڈیا کے بادشاہ نوردوم سیہامونی کی دعوت پر، چینی صدر شی جن پنگ 15 سے 18 اپریل تک ملائیشیا اور کمبوڈیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے جمعہ کو یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات چین کی سفارتکاری کی ترجیحات ہیں ۔ چین اور جنوب مشرقی ایشیا ءمشترکہ تقدیر کے ساتھ اچھے ہمسایہ، اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں۔ یہ دورہ صدر شی جن پنگ کا رواں سال کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے جو ویتنام، ملائیشیا، کمبوڈیا اور آسیان کے ساتھ چین کے تعلقات کی مجموعی ترقی کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور علاقائی وعالمی امن و ترقی کو نئی طاقت بخشےگا۔
ترجمان کے مطابق،یہ دورہ چین اور ویتنام کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے اور چین ویتنام کے مابین "ساتھیوں اور بھائیوں” کی روایتی دوستی اور چین ویتنام ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے ویتنام کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔ملائشیا کا دورہ صدر شی جن پنگ کا 12 سال بعد دوسرا دورہ ہوگا ،جو چین ملائیشیا تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔اور کمبوڈیا کا دورہ صدر شی جن پنگ کا نو سال بعد دوسرا دورہ ہے جس کے دوران فریقین چین اور کمبوڈیا کے تعلقات کی نئی راہوں پر بات چیت کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580886