ہنو ئی۔13دسمبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن سے ہنوئی میں ملاقات کی۔چینی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں شی جن پنگ نے کہا کہ چین ویتنام تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر ہو رہے ہیں، چین ویتنام سے اعلی معیار کی مصنوعات کی درآمدات کو وسعت دینے، ویتنام کے ساتھ صنعتی اور سپلائی چین، بنیادی ڈھانچے اور مواصلات کو مضبوط بنانے اور توانائی و ڈیجیٹل معیشت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر فام من چن نے کہا کہ ویتنام اور چین کے تعلقات وقت اور تاریخ کی آزمائشوں پر پورا اترے ہیں اور کسی بھی بیرونی طاقت کی اشتعال انگیزی اور مداخلت سے متاثر نہیں ہوں گے،یقین ہے کہ ویتنام چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچیں گے اور یہ خطے کے امن اور خوشحالی کے لئے بھی مددگار ثابت ہوگی ۔ چینی صدر نے گزشتہ روز سی پی وی کے جنرل سیکرٹری نگوین فو ٹرونگ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419606