ایبٹ آباد۔ 12 ستمبر (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر ژائو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستان پاک۔ چین اقتصادی راہداری کا گیٹ وے ہے، سی پیک سے تجارت چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک پھیلے گی، چین ہزارہ میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا خواہاں ہیں، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بہت سے منصوبے جاری ہیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ بار میں 50 خواتین وکلاء میں لیب ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ژائو جنگ نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں چین کا پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، اس حوالہ سے چین نے ہری پور میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ہر شعبہ میں ترقی چاہتا ہے، قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) فیز II کی تکمیل سے تجارت اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور پاکستان کی معیشت میں بھی بہتری آئے گی، اس سے علاقائی رابطہ بھی ہو گا، تعلیمی شعبہ میں تعاون بھی جاری رہے گا کیونکہ ہم نے بہت ساری چینی زبان کی اکیڈمیاں قائم کی ہیں، ایبٹ آباد میں بھی ایک چینی زبان کی اکیڈمی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی محنت دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرے گی، پاک چین اقتصادی راہداری دو ہمسایہ ممالک کی دوستی کی علامت ہے۔ ایبٹ آباد میں ترقی کی تعریف کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ انہوں نے ایبٹ آباد کا کئی بار دورہ کیا ہے اور فراہم کردہ تعلیم، طبی اداروں اور طبی خدمات میں بہتری دیکھی ہے۔