کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال نے منگل کے روز پشین نادرا ریجنل آفس کا اچانک دورہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پشین نے ڈی جی محمد کاشف اقبال کو ریجنل آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔
ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف اقبال نے کہا کہ ادارہ محدود وسائل میں رہ کر ریجنل دفاتر میں اپنے ملازمین اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہاہے ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ریجنل آفس میں کام سست روی کا شکار ہے تاہم بہت جلد یو پی ایس، جنریٹر اور سولر نظام کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا ۔
انہوں نے عوامی رش دیکھ کر موقع پر نیا کاؤنٹر بنا کر مزید تین ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو کوئٹہ سے پشین طلب کر لیا جبکہ نادرا منتظمین کو ریجنل آفس میں گرمی سے بچاؤ کیلئے پنکھوں کی تنصیبات اور بیٹھنے کے لیے بنچزسمیت پانی کا مسئلہ حل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ خواتین کے لیے اگلے مالی سال کے دوران پشین میں خواتین نادرا سینٹر کا قیام عمل میں لانے کیلئے اقدامات کریں گے۔