ڈاکٹر اسد مجید خان کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کردیا گیا

287

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):ڈاکٹر اسد مجید خان کو نیا سیکرٹری خارجہ تعینات کردیا گیاہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر اسد مجید خان کی نئے سیکرٹری خارجہ کے طور پر تقرری کی گئی ہے۔ وہ پاکستان فارن سروس کے سینئر آفیسر ہیں اور انہیں پاکستان کے31 ویں سیکرٹری خارجہ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نئے عہدے پر تقرری سے قبل بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیرکے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر اسد مجید خان نے 34 سال پر محیط اپنے سفارتی کیریئر کے دوران کئی اہم سفارتی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔

انہوں نے امریکہ میں اور جاپان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔

وہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (امریکہ)، ڈائریکٹر جنرل (امریکہ)، ڈائریکٹر جنرل (مغربی ایشیا)، امریکہ میں پاکستان کے عبوری ناظم الامور، واشنگٹن میں پاکستان کے ڈپٹی چیف آف مشن ،صدارتی سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری (خارجہ امور)، ڈائریکٹر جنرل (اقوام متحدہ) اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں منسٹر۔قونصلر کے عہدوں پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کیوشو یونیورسٹی جاپان سے انٹرنیشنل اکنامک اینڈ بزنس لاء(ایل ایل ڈی)میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کررکھی ہے اور وہ متعدد تعلیمی اداروں میں ریسورس پرسن بھی رہ چکے ہیں۔