بہاول پور۔ 13 مئی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر غلام مرتضی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا۔منگل کو منعقدہ اجلاس میں ڈینگی سے بچائو کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریونٹو سروسز، متعلقہ محکموں کے افسران اور فوکل پرسن اجلاس میں موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے، صفائی ستھرائی کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر استعمال ائر کولرز اور واٹر ڈسپنسرز کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی ہاٹ سپاٹ کوریج یقینی بنائی جائے اور متعلقہ افسران تمام امور کی نگرانی کریں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں سال ڈینگی کے 3186 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 20 مقامات سے ڈینگی کا لاروا پایا گیا ہے، انسداد ڈینگی کے حوالہ سے 532 ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران فعال انداز میں کام کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596658