ایبٹ آباد۔ 16 اپریل (اے پی پی):صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد عمران یونس خان تنولی ایڈوکیٹ و کابینہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد نے غزہ میں نہتے ، مظلوم فلسطینی عوام پر اسرئیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرئیل انسانی تاریخ کے بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے،فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور مکمل جنگ بندی کیلئے عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں ،فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر نا صرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا سراپا احتجاج ہے جبکہ پاکستانی عوام شدید غم و غصہ میں مبتلا ہے،اقوام متحدہ وسیکورٹی کونسل کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ اس نسل کشی کو روکیں اور غزہ کے اندر امن بحال کروا کر ترقی و بحالی کا کام شروع کریں،غزہ میں عورتوں اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے
انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کو اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اسرئیل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد نے اسرئیل کی جملہ مصنوعات کی پاکستان میں خرید فروخت پر پابندی کا زور دیا اور تاجر برادری و پاکستانی عوام سے گزارش کی کہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرئیل کی جملہ پراڈکٹس کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اپنے ملک کی مصنوعات کو فروغ دیں یا متبادل دیگر مسلم ممالک کی مصنوعات کا استعمال کریں ۔اس موقع پر حیات خان سینئر سول جج مردان اور خالد خان ایڈوکیٹ کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمتی قرار داد منظور کرتے ہوئے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت و ہمدردی کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583034