کیپ ٹاﺅن ۔ 08 فروری (اے پی پی) فاف ڈوپلیسی کی غیرمعمولی بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 40 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 367 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، ڈوپلیسی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر بہترین 185 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ڈی ویلیئرز 64 اور ڈی کوک 55 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 49ویں اوور میں 327 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، کپتان اپل تھرنگا اور نیروشن ڈکویلا نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 16 اوورز میں 139 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا لیکن اس کے باوجود مہمان ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی، تھرنگا کی 119 رنز کی عمدہ اننگز جبکہ ڈکویلا اور ویرک کوڈی کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، پارنیل نے 4 وکٹیں لیں، ڈوپلیسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔