ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کا افتتاح کر دیا

143

کوئٹہ۔31جنوری (اے پی پی):’’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کے تحت روزانہ 350 لوگوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے آج کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام موجودہ حکومت کی طرف سے ملک کے غریب لوگوں کے لئے ایک احساس کی کرن ہے جس سے ہمارے معاشرے کے تمام مستحق لوگ مستفید ہوں گے۔ یہ پروگرام صرف لوگوں کو کھانا کھلانے کے لئے نہیں بلکہ اس کے تحت غریب نوجوانوں کو قرض، غریب و مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت اور یتیم و مساکین کی بحالی اور بے گھر لوگوں کے لئے آسان اقساط پر گھر کی فراہمی بھی ہے۔

انہوں کہا کہ ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر غربت کی لکیر سے نیچے رہ جانے والے علاقوں میں شروع کی گیا ہے، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ جیسی تنظیمیں اس پروگرام کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے دیہی علاقوں میں جہاں غریب مزدور بستے ہیں اور مسافروں کی آمدورفت زیادہ ہے ان علاقوں میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے توسط سے 350 غرباءو مساکین میں روزانہ کی بنیاد پر کھانا تقسیم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے نمائندے اور محکمہ زکواة کے آفیسران بھی موجود تھے۔