40.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان اور چین کے صوبہ شانشی کے نائب...

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان اور چین کے صوبہ شانشی کے نائب گورنر کاپاک چین تعلقات، سی پیک منصوبہ جات، علاقائی ترقی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان اور چین کے صوبہ شانشی کے نائب گورنر نے پاک چین تعلقات، سی پیک منصوبہ جات، علاقائی ترقی، اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون، اقتصادی شراکت داری، اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت اور ان کی علاقائی افادیت پر گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں کامیاب رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلق مزید مضبوط ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا رشتہ قائم ہے، جس کی بنیاد گہرے سفارتی روابط اور بھائی چارے پر ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین نے ہر بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ پاکستان کی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنا عملی کردار بھی ادا کیا ہے۔ انہوں نے سی پیک کو ایک گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے اقتصادی ترقی اور باہمی رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ یہ منصوبہ وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر عالمی خطوں کے ساتھ تجارتی و اقتصادی راستے کھولنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

- Advertisement -

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے کیونکہ ترقی کا راستہ امن سے ہو کر ہی گزرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری قیادت نے ہر سطح پر ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے رابطہ کاری، ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے۔اس موقع پر سیدال خان نے گوادر پورٹ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ایک جدید بندرگاہ کے طور پر ابھر رہا ہے، جو نہ صرف علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر اسے اسٹریٹجک اور تجارتی مرکز کے طور پر تسلیم کیا جا چکا ہے۔

گوادر چین اور پاکستان کے اشتراک سے ایک عالمی بحری اقتصادی مرکز میں تبدیل ہو رہا ہے جو مستقبل میں خطے کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور یہ تعلقات خطے کے پائیدار، روشن اور پرامن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقین نے آئندہ بھی باہمی روابط کے تسلسل اور تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600855

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں