اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاک بھارت کشیدہ حالات کے دوران افواجِ پاکستان کی بروقت اور جراتمندانہ کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جس بہادری اور مہارت سے جواب دیا گیا، وہ عسکری تاریخ میں ایک مثال ہے۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا، اور دشمن کے ہر جارحانہ قدم کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر افواجِ پاکستان کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی قابلِ فخر ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اب بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے قبل سو بار سوچنا ہوگا، کیونکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آئندہ دشمن کو ایسی کاری ضرب لگائی جائے گی جو اس کے تصور سے باہر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں تباہ کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی زمینی، فضائی اور بحری افواج ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بھارتی حکومت، خصوصاً مودی سرکار کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اقلیتوں اور ہمسایہ ممالک سے صلہ رحمی اور پرامن رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جنگجویانہ سوچ نے اسے عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کروایا ہے۔
سیدال خان نے عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594348