23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا بین الاقوامی مالم جبہ مشاورتی بورڈ...

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا بین الاقوامی مالم جبہ مشاورتی بورڈ کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بین الاقوامی مالم جبہ مشاورتی بورڈ کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ظہرانے میں لارڈ لانکاسٹر آف کیبلٹن، ڈیم کیرولین ڈانمج ڈی بی ای، ایم پی، لارڈ سرفراز آف کنسنگٹن اور سینیٹ کے متعدد اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ مالم جبہ کے لیے بین الاقوامی ایڈوائزری بورڈ کا قیام نہ صرف ایک خوش آئند اقدام ہے بلکہ یہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کی جانب ایک نیا اور امید افزا باب بھی ثابت ہوگا۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن، معدنی وسائل اور مہمان نوازی کی روایت سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری بورڈ کے تعاون سے نہ صرف عالمی معیار کے سکئنگ ریزورٹس کو فروغ دیا جا سکے گا بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کو محفوظ اور معیاری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔

- Advertisement -

انہوں نے سرمایہ کاری کے شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زراعت، معدنیات، جنگلات اور دیگر قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے صوبے ترقی کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، جن کی استعداد کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کے ساتھ ساتھ قومی ترقی کو بھی تقویت دی جا سکتی ہے۔

بین الاقوامی مشاورتی بورڈ کے ممبران نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی تعاون فراہم کریں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں اراکین سینیٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں سینیٹرز شیری رحمان ، سید علی ظفر، فیصل واوڈا،بشرا انجم بٹ، حسنہ بانو، خالدہ عطیب، طاہر خلیل سندھو، حاجی ہدایت اللہ خان، ناصر بٹ ،دنیش کمار، عبدالقادر، رانا محمود الحسن ،انوشہ رحمان ملک، سلیم مانڈوی والا ،رکن قومی اسمبلی عثمان بادینی، سیکرٹری سینیٹ حسنین حیدر، خصوصی سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ اور دیگر اعلی حکام شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583153

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں