ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف کا محرم الحرام کے دوران جلسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے قائم کردہ کنٹرول روم کا دورہ

7

بھکر۔ 28 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان جلوسوں و مجالس کی نگرانی اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کنٹرول روم انتظامیہ سے بریفنگ لی اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور فوری ردعمل کے لیے ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں، فیلڈ رپورٹس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ بھی لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کنٹرول روم تمام جلوسوں مجالس اور حساس مقامات کی نگرانی کرے گا اور تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔