ڈپٹی کمشنر بھکر کا مدر اینڈ چائلڈ سٹی ہسپتال کا دورہ ،محرم الحرام کے سلسلے میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا

53
ڈپٹی کمشنر بھکر کا مدر اینڈ چائلڈ سٹی ہسپتال کا دورہ ،محرم الحرام کے سلسلے میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا

بھکر۔ 05 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے مدر اینڈ چائلڈ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں طبی سہولیات اور ہسپتال میں دیگر انتظامی امورکا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملہ کی روسٹر کے مطابق حاضری کو چیک کیا اور طبی سہولیات کی دستیابی، ایمرجنسی میڈیکل سروسز، ادویات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو کسی قسم کی طبی سہولت کی کمی کا سامنا نہ ہو اور تمام تر عملہ اپنی ڈیوٹی مکمل ذمہ داری سے سرانجام دے۔

اس موقع پر سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو محرم الحرام کے حوالے سے ہسپتال میں کیے گئے خصوصی اقدامات اور ایمرجنسی پلان بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی محکمہ صحت کی تیاریوں کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔