خانیوال۔ 04 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرخانیوال محمد علی بخاری خانیوال نےگندم سیزن میں کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی ہدایت کی۔اس بارے محکمہ زراعت توسیع کو کاشتکاروں کی رہنمائی کا ٹاسک دیتے ہوئے معیاری بیج اور کھادوں کے استعمال بارے آگاہی دی۔
محمد علی بخاری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ٹاسک فورس و ایڈوائزری سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ زراعت کے مختلف ونگز،لائیوسٹاک افسران نے کارکردگی بارے بریفنگ دی۔کمیٹی ممبران میاں اکرام اللہ کمبوہ،کھاد ڈیلرز اور کاشتکار نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کو اجلاس میں کسان کارڈ کی تقسیم،کھاد کی دستیابی بارے آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے-محکمہ زراعت توسیع کی ٹیمیں گندم کاشت کے دوران فیلڈ میں رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بیوہ طلاق یافتہ خواتین کیلئے گائے اور بھینس کی مفت تقسیم شروع کی گئی ہے۔محکمہ لائیوسٹاک حکومت پنجاب کی اس اسکیم بارے زیادہ سے زیادہ حقدار خواتین کو آگاہی دے۔