راولپنڈی۔ 16 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب کے پروگرام آسان کاروبارسکیم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، کاروباری نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی ایس ایم ای کریڈٹ کارڈ سکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد موجودہ اور نئے چھوٹے کاروباری افراد کو آسان شرائط پر بلا سود قرض کی فراہمی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اس سکیم کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تاکہ چھوٹے کاروباری حضرات اس سے مستفید ہو سکیں۔اس سکیم کے تحت کاروباری افراد خام مال کی خریداری، یوٹیلیٹی بلز اور حکومتی ادائیگیاں آسانی سے کر سکتے ہیں۔ 25 فیصد نقد رقم نکالنے اور 75 فیصد پی او ایس یا اکاؤنٹ ٹرانسفر کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ قرض لینے والوں کو شروع میں 50 فیصد رقم تک رسائی دی جاتی ہے جبکہ بقیہ 50 فیصد چھ ماہ بعد قابل قبول ادائیگی اور رجسٹریشن کے بعد جاری کی جاتی ہے۔
تین ماہ کی رعایتی مدت اور 5 سالہ واپسی کا دورانیہ بھی سکیم کو پُرکشش بناتا ہے۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ یہ سکیم نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے انقلابی قدم ہے، جو انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے میں مدد دے گا، ہمیں چاہیے کہ اس سکیم کے ہر پہلو کو عام شہریوں تک پہنچائیں تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582859