ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

Anti-polio campaign
Anti-polio campaign

فیصل آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے الائیڈ ہسپتال I کی اوپی ڈی میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر سال کی دوسری انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

مذکورہ سات روزہ انسداد پولیو مہم 26 فروری سے 3 مارچ تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ 400بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4869 پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے اور باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ مائیکروپلان پرذمہ داری سے عمل کیا جائے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی جائے گی اس ضمن میں غفلت یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے بس اڈوں،ریلوے اسٹیشنز،پارکس،موٹر وے انٹرچینجز سمیت دیگر فکسڈ پوائنٹس پر ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار،ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد فہیم یوسف،ڈی ڈی ایچ او سٹی ڈاکٹر عظیم ارشد اور یونیسف کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈی ایچ او نے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔