بھکر۔ 22 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان اور دیگر ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کو ضلع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت پر فراہم کردہ ہیلتھ سروسز کے بارے میں سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے مفصل بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ادویات کی طلب و رسد کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سی ای او ہیلتھ کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہء ہائے جات کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی اور متعلقہ زمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال میں مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کیساتھ ساتھ ان سے خوش اسلوبی سے پیش آیا جائے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہسپتال میں قائم پولیو ڈیسک کا معائنہ کرتے ہوئے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں تاکید کی وہ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ کو ہدایات جاری کیں کہ ضلع میں جاری پولیو راؤنڈ کے دوران ہیلتھ ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف کی سو فیصد تکمیل یقینی بنائی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585970