ڈیرہ مراد جمالی ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے بیسک ہیلتھ یونٹ لانڈھی اور گورنمنٹ بوائز مڈل سکول لانڈھی کا دورہ کیا۔ دورے کے پہلے مرحلے میں انہوں نے بی ایچ یو کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اسٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی، صفائی ستھرائی کے نظام کا معائنہ کیا اور بی ایچ یو میں موجود ادویات کی دستیابی اور معیار کی جانچ پڑتال کی۔ ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بی ایچ یو لانڈھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جھل مگسی نصیرآباد اور نوتال کے درمیان واحد طبی مرکز ہے جہاں دور دراز علاقوں کے لوگ علاج کی غرض سے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز مڈل سکول لانڈھی کا دورہ کیا، جہاں گرمیوں کی تعطیلات کے باعث تدریسی عمل جاری نہیں تھا۔ انہوں نے سکول کی خستہ حال عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو یقین دلایا کہ سکول کے تمام جائز مسائل اور خستہ حالی سے متعلق رپورٹ حکام بالا کو ارسال کی جائے گی تاکہ سکول کی عمارت کی مرمت اور ضروری کام جلد مکمل کرائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ دور دراز علاقوں میں علم کی شمع کو روشن رکھنے اور عوام کو تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر خدمات سرانجام دیتی رہے گی۔