ڈپٹی کمشنر کچھی کی زیر صدارت انسداد پولیومہم کے حوالے سے اجلاس

National Polio Campaign
National Polio Campaign

کوئٹہ۔ 14 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ کی زیر صدارت انسداد پولیومہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کے موقع پر 26 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیومہم کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے متعلق تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی۔

اجلاس میں ڈی ڈی ایچ او ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی کچھی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال ڈھاڈر، ڈی ایس پی ڈھاڈر، انچارج لیویز فورس سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع بھر میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کےلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں کڑی محنت سے کام کریں ، پولیو مہم کے دوران ضلعی افسران دلجوئی کے ساتھ مانیٹرنگ کریں ، مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے آنے والی ٹیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں اور اس وبا کے خاتمے کے لئے ہمیں ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے جن ٹیموں کی جانب سے سستی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ، انہیں سخت ہدایت دیں بصورت ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔