ڈپٹی کمشنر کے انسدادڈینگی پلان پر فوری عملدرآمد کےلئے موثر انداز میں آگاہی مہم وتدارک کے احکامات جاری

101

بھکر۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے انسدادڈینگی پلان پر فوری عملدرآمد کےلئے سرویلنس سسٹم کی فعال کارکردگی کی کڑی نگرانی کے تحت موثر انداز میں آگاہی مہم وتدارک کے احکامات جاری کردیے ہیں،

انہوں نے یہ احکامات شہر کی مختلف نرسریوں اور قدیمی قبرستان کے دورہ کے موقع پر جاری کیے۔ انہوں نے اس موقع پر نرسری انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ نرسریوں کے احاطہ جات میں صفائی کا بہتر نظام برقرار رکھا جائے اور پانی جمع ہونے کے جملہ ذرائع کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔

ڈپٹی کمشنرنےقبرستان میں قبروں پر بنائےجانیوالے مٹی کے برتنوں میں موجود صاف پانی کو اپنی موجودگی میں خالی کروایا۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض ہمارے پاس نہیں ہے ،ہسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈز بھی قائم کئے جاچکے ہیں، علاؤہ ازیں ضلع بھر میں 3 سو سے زائد ٹیمیں انسداد ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مصروف عمل ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر کو ہیلتھ انتظامیہ کی جانب سےان ڈور اورآئوٹ ڈور سرویلنس پر مامور ٹیموں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی جگہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہونے پائے۔