گوجرانوالہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت مند پنجاب مشن کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا جلیل ٹاؤن میں پولیو ٹیموں کی ورکنگ کا جائزہ لیا، 21 اپریل سے 25 اپریل تک انسدادِ پولیو مہم کے جائزہ کے لیے انہوں نے پہلے روز پولیو ٹیموں کی ورکنگ چیک کی، ایس او پیز پر عملدرآمد، سکیورٹی کے انتظامات، کولڈ چین اور اب تک بچوں کی ویکسینیشن کے معیار کا جائزہ لیا اور 5 سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے بھی پلائے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ انسدادِ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسینیشن کے 100 فیصد ٹارگٹ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنا مثبت کردار ادا کریں، ہر بچے کو ہر بار پولیو کے قطرے لازمی پلائیں، پولیو وائرس سے آپ کے بچے عمر بھر کی معذوری کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی مہم کے دوران ہر بچے کو کور کیا جائے تا کہ کوئی بھی پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیتے ہوئے اس قومی کاز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے ناسور کا خاتمہ قومی مفاد میں ہے، والدین اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں، پولیو ٹیموں سے شہری تعاون کریں، پاکستان کے مستقبل کو اپاہج ہونے سے بچانا ہے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اس موقع پر کہا کہ انسدادِ پولیو مہم میں 09 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف 25 اپریل تک تمام یوسیز میں جاری رہےگی، گوجرانوالہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ٹارگٹ ہے،جن کو پولیو ورکرز، پولیو ٹیمز ضلع بھر میں گھر گھر/ گلی گلی پہنچ کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلارہے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایات پر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزنے اپنی تحصیلوں میں پولیو ورکنگ کا جائزہ لیا اور عملہ کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے جانفشانی سے کام کریں ، اس حوالے سے کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585217