ڈیرہ اسماعیل خان۔ 16 اپریل (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گنڈی عاشق درابن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کرنے والے ایک ایجنٹ سے مسلح افراد نے لاکھوں روپے زبردستی لوٹ لیے۔ مقامی رہائشی عطا اللہ ولد میر بخش نے پولیس کو بتایا کہ وہ گنڈی عاشق اڈے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ڈیوائس کے ذریعے مستحقین میں تقسیم کرتا ہے۔ واقعے کے روز وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بینک الفلاح سے 9 لاکھ 39 ہزار روپے کا چیک کیش کروانے کے بعد چنگچی میں سوار ہو کر واپس جا رہا تھا کہ گرین میرج لان کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اسے روک کر تمام رقم لوٹ لی۔
متاثرہ فرد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا اور مجرموں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ مقامی عوام نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے سیکیورٹی کے بہتر انتظامات اور مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582808