ڈیرہ غازی خان،حضرت سخی سرور کے 870 ویں عرس کی سات روزہ تقریبات شروع

263

ڈیرہ غازی خان۔ 14 فروری (اے پی پی):برصغیر پاک وہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت سید احمد سلطان المعروف حضرت سخی سرور کے 870 ویں عرس کی سات روزہ تقریبات ڈیرہ غازی خان میں شروع ہو گئیں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈی پی او سید علی کاظمیکے ہمراہ مزار پر چادر چڑھائی ا ورتاج پوشی کی۔ تقریب میں امن و سلامتی،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور افواج پاکستان سمیت وطن کا دفاع کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ڈی سی محمد عثمان خالد، ڈی پی او سید علی کاظمی کو سرائیکی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او سید علی کے ہمراہ پیدل دربار حضرت سخی سرور روٹس کے اطراف، داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات، سی سی ٹی وی کنٹرول سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا اور افسران کو فول پروف انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے زائرین کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے لانے کی ہدایت کی ۔

زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ناصر محمود نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو عرس حضرت سخی سرور کی مناسبت سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حضرت سخی سرور کے عرس پر ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ بارڈر ملٹری پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت سخی سرور کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ عرس پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور زائرین کے روٹس پارکنگ ایریا ،داخلی و خارجی راستوں، درگاہ کے چاروں اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ مختلف مقامات پر زائرین کو مکمل چیکنگ کے بعد زیارت کے لئے جانے دیا جاتا ہے ۔ پنجاب پولیس، بارڈر ملٹری پولیس سمیت دیگر فورسز اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے اور زائرین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔