ڈیرہ غازی خان۔ 31 اگست (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے پیسٹ سکاوٹنگ اور آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور بلوچ اور خالد پرویز،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش،کاٹن ایکسپرٹ اور متعلقہ افسران شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں کپاس کی فصل نازک مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔ماہرین کے مطابق 15 ستمبر تک پیسٹ سکاوٹنگ،معیاری زرعی ادویات اور کھاد کا استعمال جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی بدلتی صورتحال سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے اور سفید مکھی،تھرپس،ملی بگ،جیسڈ اور دیگر بیماریوں سے کپاس کی فصل کو بچایا جائے۔
کمشنر نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے ایڈوائزری اور افسران کیلئے ہدایات نامہ جاری کیا جائے اور ڈپٹی کمشنرز باقاعدگی سے ماہرین کے اجلاس جاری رکھیں۔کپاس کی پیداوار اور بیماریوں کے حملہ کے حوالے سے درست اعداد و شمار دئیے جائیں۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے بتایاکہ ڈی جی خان ڈویژن کی کاٹن فیکٹریوں میں ابتک ایک لاکھ 58 ہزار کپاس کی بیلز موصول ہوچکی ہیں اور اس سے کہیں زیادہ کپاس ڈویژن سے باہر فروخت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان سہولت سنٹرز سے 37040 کاشتکاروں نے استفادہ کیا اور دو ماہ کے دوران 45662 لیٹر معیاری زرعی ادویات فروخت ہوئیں اور ابھی بھی وافر مقدار میں معیاری زرعی ادویات کسان سہولت سنٹرز میں موجود ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=384727