ڈینگی وائرس کے سنگین خطرات کے پیش ِنظر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمدبہت ضروری ہے،شعیب نسوانہ

134
ملتان میں ڈینگی کی صورتحال، 24 گھنٹوں کے دوران نشتر ہسپتال میں 5 مشتبہ اور 3 کنفرم ڈینگی کے مریض زیرِ علاج

سرگودہا۔26ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس اینڈ پلاننگ)شعیب نسوانہ نے کہاہے کہ موجودہ موسم میں ڈینگی وائرس کے موجود سنگین خطرات کے پیش نظر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد بہت ضروری ہے جس میں غفلت یاعدم توجہی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ لہٰذا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے اور لاروا برآمد ہونے کی صورت میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کے خلاف مقدمات درج کرانے پر مجبور ہونگے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل رہیں گی اور انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی قوانین پر عمل نہ کرنیوالے قانون کی زد میں آئینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسد اسلم اور ڈاکٹر طارق سلیم کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔ شعیب نسوانہ نے کہاکہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی خطرناک صورت حال باعث تشویش ہے جس پر کماحقہ قابو پانے کیلئے معاشرے میں ہرسطح کا تعاون ناگزیر ہے۔

ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کے لئے ہرشہری اپنی ذُمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے شعوری کوششوں کو جاری رہناچاہیے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کیاجائے اور ان کی تکنیکی مشاورت میں ان اقدامات کو کامیاب بنائیں۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسد اسلم نے بتایاکہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور انسدادی اقدامات کیلئے سرگرم عمل ہیں لیکن عوامی تعاون کے بغیر اس مسئلے پر قابو نہیں پایاجاسکتا ہے۔