ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

82

نمائندہ۔ راولپنڈی 01 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں ، رواں سال ضلع راولپنڈی میں اب 221 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 176 ڈینگی مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں میں جا چکے ہیں ، سرکاری ہسپتالوں میں 54 ڈینگی کے مریض موجود ہے جن کو مکمل علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز ، فوکل پرسن ڈاکٹر احسان ، ڈی ایچ اوز ، انٹامالوجسٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں ہے ، موجودہ سیزن ڈینگی کے حوالے سے بہت اہم ہے ، شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خود کو ڈینگی سے بچائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسل کو فوکس کرکے اور ایس او پیز کے مطابق آئی آر ایس سپرے اور فوکنگ کی جائے اور ان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائے۔

حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ماہ اگست کے دوران ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 57 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج اور 61 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ، رواں سال کے دوران 2 ہزار 113 ایف آئی آر ، 457 کمرشل اور زیر تعمیر عمارات کو سیل، 692 کے چالان جبکہ 33 لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد جرمانہ یا گرفتار کرنا نہیں بلکہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔